کیچ میں فوجی قافلے پر دھماکہ، سوراب میں پل تباہ

272

بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے مند میں ایک فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ سوراب میں کوئٹہ–کراچی شاہراہ پر واقع ایک اہم پل کو دھماکے سے تباہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق کیچ کے علاقے مند میں ریدیگ کے مقام پر ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی، جس کے فوراً بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں فوجی قافلے میں شامل ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ ممکنہ جانی نقصان کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم، ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب سوراب کے علاقے مل شاہورائی میں کوئٹہ–کراچی ہائی وے پر واقع ایک اور پل کو بھی زوردار دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں پل کو شدید نقصان پہنچا اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی سے متعلق واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں فورسز اہلکاروں، پولیس اور اہم شاہراہوں کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

ساوتھ ایشیا ٹیررازم پورٹل کے اوپن سورس ڈیٹا کے مطابق جولائی 2026 میں بلوچستان میں 176 واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 438 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 127 فورسز اہلکار شامل تھے۔

جنوری سے جولائی 2026 کے دوران بلوچستان میں 765 واقعات اور 1,600 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ حملوں کے طریقۂ کار میں بھی تنوع دیکھا گیا ہے، جن میں خودکش دھماکے، گھات لگا کر حملے، بیک وقت متعدد مقامات پر مربوط کارروائیاں، اہم تنصیبات پر حملے اور ڈرونز کا استعمال شامل ہیں۔