بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر 7 افراد جانبحق، مزید 33 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار سے جانے والے مسافر کوچ کا قلات کے علاقے بینچہ کے قریب کوسٹر سے تصادم میں دو افراد جانبحق اور 32 افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب کوئٹہ شاہراہ محمد علی پیٹرول پمپ کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں امیر زمان اور یونس خان نامی دو افراد جانبحق ہوگئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔ جانبحق افراد اور زخمی کو ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا۔
ادھر اوستہ محمد کے قریب گنداخہ کے علاقے باغ ہیڈ کے مقام پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عبدالخالق جمالی نامی شخص کو قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے نعیش اپنے قبضے میں لیکر ہسپتال منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے، مزید تحقیقات مقامی انتظامیہ کر رہی ہے۔
اوستہ محمد میں ایک اور واقعے میں ظفر اللہ عمرانی نے گھریلو ناچاقی پر خود کشی کرلی ہے۔
علاوہ ازیں لسبیلہ کے علاقے وندر میں ندی میں نہاتے ہوئے کراچی چاکی واڑہ کے رہائشی 18 سالہ کبیر ڈوب کر جان کی بازی ہار گیا، اطلاع ملتے ہی ایدھی رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ندی سے نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔