جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت اجلاس میں مکران کی سیکیورٹی صورتِ حال، سرحدی علاقوں میں فوجی کارروائیوں اور ایران سے متعلق ممکنہ علاقائی صورتِ حال پر غور کیا گیا۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے رواں ہفتے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی عسکری اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں بلوچستان، بالخصوص مکران ڈویژن کی سیکیورٹی صورتِ حال اور جاری فوجی کارروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے شہری علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز جبکہ سرحدی اور پہاڑی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشنز کی منظوری دی گئی۔
باخبر ذرائع کے حوالے سے دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی فوج سے منسلک خفیہ ایجنسی ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہان سمیت اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اجلاس کے دوران جنرل عاصم منیر نے تین اہم نکات پر گفتگو کی، جن میں بلوچستان کی جاری مزاحمتی تحریک، مبینہ بیرونی معاونت اور ایران پر ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے تناظر میں پاکستان کے کردار سے متعلق امور شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل عاصم منیر نے اجلاس میں مؤقف اختیار کیا کہ بلوچستان میں جاری مزاحمت کو بیرونی معاونت کے بغیر شکست دینا مشکل نہیں ہوگا۔
ایران سے ممکنہ جنگ اور پاکستان کا کردار
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران پر امریکہ کے ممکنہ فوجی حملے کے تناظر میں پاکستان کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ جنرل عاصم منیر سے منسوب بیان کے مطابق امریکہ کی جانب سے پاکستان سے زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے رسد، کمک اور گزرگاہوں کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس پر پاکستان نے بطور ریاست رضامندی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس مقصد کے لیے گوادر اور پسنی کے ساحلی راستوں جبکہ پنجگور اور تمپ کے زمینی راستوں کو قابلِ استعمال بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اسی تناظر میں مکران کے سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشنز کو ضروری قرار دیا گیا۔
پسنی میں سعودی آئل ریفائنری کا منصوبہ
اجلاس کے دوران پسنی میں سعودی عرب کی مجوزہ آئل ریفائنری کے منصوبے کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ ذرائع کے مطابق جنرل عاصم منیر نے بتایا کہ ریفائنری کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی اور ابتدائی تیاریوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے، تاہم سعودی عرب تاحال سیکیورٹی صورتِ حال کے حوالے سے مطمئن نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق جنرل عاصم منیر نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان اور منصوبے کے لیے حتمی رضامندی ظاہر کیے جانے کے بعد پاکستان کو پہلے سے تیار رہنا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل عاصم منیر کا بلوچستان کا یہ تیسرا دورہ ہے، جو صوبے میں جاری شورش اور مکران کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتِ حال کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ ان دوروں کو بلوچستان میں جاری فوجی حکمت عملی اور اعلیٰ عسکری قیادت کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔


















































