غزہ بند کے رہائشی شیر زمان اور دیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سابق افغان کمانڈر ان کی خواتین اور گھروں کی تذلیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے تمام بلوچ اور پشتون قبائل کا مطالبہ ہے کہ ان عناصر کو علاقے سے نکالا جائے تاکہ ہم ان کے شر سے محفوظ رہ سکیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں سابق افغان فورسز کے اہلکاروں کی موجودگی اور بلوچ قومی تحریک کے خلاف ان کے استعمال کی خبریں بھی سامنے آ چکی ہیں۔ بلوچستان میں سرگرم بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے مطابق، خضدار میں شفیق مینگل کے ٹھکانے پر ہونے والے حملے میں بھی افغان سابقہ فورسز کے اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
جبکہ بلوچ قوم پرست تنظیم بی وائی سی اور بلوچستان نیشنل پارٹی سمیت بلوچستان اسمبلی کے ارکان بھی بلوچستان میں سابق افغان اہلکاروں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔
ان قوم پرست جماعتوں کا کہنا ہے کہ یہ سابق اہلکار بلوچستان میں فوجی آپریشنز اور دیگر جرائم میں پاکستانی فورسز کے ساتھ موجود ہوتے ہیں۔
پشتون علاقوں میں بھی مقامی آبادی اس بات کا اظہار کر چکی ہے کہ یہ اہلکار بدامنی، چوری اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ تاہم، اب تک حکومتی سطح پر ان کی موجودگی کے حوالے سے کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔


















































