پسنی: گزشتہ شب کوسٹ گارڈز کے افسر کی گاڑی پر دھماکہ

116

بلوچستان کے ساحلی شہر پسنی میں گزشتہ شب کوسٹ گارڈز کے لیفٹیننٹ کرنل رینک کے ایک افسر کی گاڑی پر دھماکہ ہوا، جس کے بعد شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔

تاحال حکام کی جانب سے جانی نقصان کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق، دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا، جبکہ فورسز نے کاروباری مراکز بھی بند کرا دیے۔ شہر میں آمدورفت بھی معطل کر دی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 18 اکتوبر کو پسنی میں ہونے والے ایک حملے میں پاکستانی فوج کے میجر وجاہت سمیت سات اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی تھی۔

تاہم، گزشتہ شب ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی مسلح تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں پاکستانی فورسز اور سرکاری املاک پر حملوں کی اطلاعات مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔