بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے مرجان میں شاہراہ پر ایک پل مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کے دھماکے سے تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ دھماکے کے وقت پل سے گزرنے والی ایک مسافر کوچ بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب ایک مسافر کوچ شاہراہ پر واقع مذکورہ پل سے گزر رہی تھی۔ دھماکے کے نتیجے میں کوچ میں سوار متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی شدت کے باعث پل کو شدید نقصان پہنچا اور اس کا ایک حصہ تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حادثے کے بعد زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال، مستونگ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
دھماکے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔













































