کوئٹہ سے متصل شعبان کے پہاڑی سلسلوں میں پاکستان فوج کی جیٹ طیاروں سے بمباری، علاقے میں زور دار دھماکوں کی آواز سنی گئی۔
بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے متصل شعبان کے پہاڑی سلسلوں میں گذشتہ شب پاکستان فوج کے جیٹ طیاروں نے بمباری کی ہے۔ علاقائی ذرائع کے مطابق آدھی رات کو علاقے میں متعدد زور دار دھماکوں کیساتھ طیاروں کی آواز سنی گئی۔
بمباری کے باعث نقصانات کے حوالے سے تاحال تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہے جبکہ حکام نے بھی کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔
خیال رہے دو روز کے دوران پاکستانی فوج کی جانب سے بلوچستان میں بمباری کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
جمعرات کی شب قلات کے علاقے دشت گوران میں بھی جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی تھی تاہم بمباری میں کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکوں سے متعدد گھر تباہ ہوئے ہیں تاہم اس وقت گھروں میں کوئی موجود نہیں تھا۔
گذشتہ مہینے سوراب کے علاقے گدر، گوندان میں پاکستان فوج نے عام آبادی کو جیٹ طیاروں کی بمباری میں نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک و جانبحق ہوئے تھے۔ مذکورہ افراد میں سے اکثریت خواتین و بچوں کی تھی جبکہ مستونگ، زہری سمیت کیچ کے علاقوں میں فوج کی جانب سے ڈرون و مارٹر حملوں میں بھی جانی نقصانات کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔
پاکستانی فوج کو عام آبادیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر تنقید کا سامنا ہے۔ سیاسی و سماجی جماعتوں کی جانب سے ان واقعات کی روک تھام کیلئے زور دینے کیساتھ عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی اپیلیں دیکھنے میں آئی ہے۔



















































