کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول تبدیل نہ ہوسکا، شہری پریشان

76

کوئٹہ شہر میں نومبر کا وسط گزرنے کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، تاہم سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا پرانا شیڈول تاحال برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں کے مطابق رات 10 بجے سے قبل ہی گیس کی فراہمی بند کردی جاتی ہے، جس سے گھریلو صارفین کو کھانا پکانے سمیت روزمرہ ضروریات کی تکمیل میں دشواری کا سامنا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر کم از کم رات 12 بجے تک کیا جائے تاکہ عوام سرد موسم میں اپنی بنیادی ضروریات پوری کرسکیں۔

دوسری جانب دسمبر میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جانے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر گیس کی قلت شہریوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہے۔

عوام نے صوبائی و وفاقی حکومت اور سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سردی کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس لوڈشیڈنگ کے شیڈول پر نظرثانی کی جائے اور شہریوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔