ڈیرہ بگٹی: گیس کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کا حملہ، فائرنگ جاری

103

ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں بی لوٹی کے مقام ’کھجوری‘ پر گیس تلاش کرنے والی ایک کمپنی کے کیمپ کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔

حملے کے بعد کیمپ کی حفاظت پر مامور سرکاری مسلح گروہ اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ایس پی نارتھ ڈیرہ بگٹی سردار محمد ہاشم نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ کا ایک کارندہ ہلاک، جبکہ تین زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے انڈس ہسپتال سوئی پہنچایا گیا۔ بعد ازاں انہیں ایئر ایمبولینس کے ذریعے سکھر منتقل کر دیا گیا۔

ایس پی نارتھ ڈیرہ بگٹی کے مطابق اطلاعات ملتے ہی فورسز اور ایف سی کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔

مقامی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے مقابلے میں کم از کم پانچ حملہ آور مارے گئے، جبکہ تین زخمی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فورسز اور سرکاری مسلح گروہ کے اہلکاروں نے باقی ماندہ حملہ آوروں کو محاصرے میں لے رکھا ہے اور کارروائی جاری ہے۔