ڈیرہ بگٹی: گیس تلاش کرنے والی کمپنی کی ٹیم پر حملہ، دو افراد ہلاک

26

نامعلوم مسلح افراد نے ٹیم کی گاڑی کو حملے کا نشانہ بنایا۔

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے اطلاعات کے مطابق پیرکوہ روڈ کے چڑھائی والے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ایک بوزر گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی ایک گیس تلاش کرنے والی کمپنی سے تعلق رکھتی تھی اور اس کے ہمراہ سروے ٹیم بھی موجود تھی۔

ڈیرہ بگٹی پولیس کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور اور ہیلپر ہلاک ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع، بالخصوص کوئٹہ، مستونگ اور نوشکی کے متعدد مقامات پر بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے معدنیات کی تلاش میں مصروف اور معدنیات کو کراچی و پنجاب منتقل کرنے والی گاڑیوں کو تواتر کے ساتھ حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اس کارروائی میں ملوث افراد کے حوالے سے تاحال پولیس سمیت کسی بھی متعلقہ ادارے کی جانب سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔