مستونگ: مرکزی شاہراہ پر 6 افراد کی لاشیں برآمد

177

مستونگ، کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر شہر کے قریب دو مختلف مقامات سے 6 نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

جنہیں ایس ایچ او سٹی عبدالروف بلوچ کی نگرانی میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مستونگ شہر کے قریب کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ڈی سی ہاؤس کے قریب سے ایک، جبکہ دتو موڑ کے مقام سے مزید پانچ لاشیں برآمد ہوئیں۔ دتو موڑ کے مقام پر ملنے والی پانچوں لاشیں کئی گھنٹوں تک سڑک کنارے پڑی رہیں۔

ذرائع کے مطابق لاشوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے بروقت ایمبولینس نہ پہنچ سکی، جس کے باعث لاشیں طویل وقت تک شاہراہ کے کنارے پڑی رہیں۔

تاہم، ایس ایچ او سٹی عبدالروف بلوچ نے اپنی نگرانی میں لاشوں کو ریسکیو کروا کر شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق لاشیں کئی روز پرانی اور تشدد زدہ معلوم ہوتی ہیں۔

شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم افراد کو کسی دوسرے مقام سے لا کر قومی شاہراہ کے کنارے پھینکا گیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات اور مقتولین کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔