دالبندین کے علاقے چہتر میں پاکستانی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح حملے اور خاران میں البت و پتکن کے درمیان مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد کی ناکہ بندی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے چہتر میں نامعلوم مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم جانی یا مالی نقصان کے حوالے سے تاحال سرکاری سطح پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب ضلع خاران میں البت اور پتکن کے درمیان مرکزی شاہراہ پر مسلح افراد نے ناکہ بندی قائم کر دی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے شاہراہ پر ٹریفک کو عارضی طور پر روک کر متعدد گاڑیوں کی تلاشی لی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کئی گھنٹوں تک جاری رہی، جس کے دوران شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
تاحال کسی تنظیم نے ان دونوں واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔













































