کوہلو، خاران، نصیر آباد اور روجھان میں پاکستانی فورسز و تنصیبات پر حملے

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فورسز اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ضلع کوہلو کے علاقے ہسڑی میں انسداد دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) کے اہلکاروں پر آج صبح مسلح افراد نے حملہ کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے کے نتیجے میں اہلکاروں کو جانی و مالی نقصان پہنچا ہے، تاہم نقصانات کی درست تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

ادھر ضلع خاران کے علاقے تازینہ میں بھی پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نی علاقے میں آپریشن میں مصروف تھی کہ اس دوران مسلح افراد نے مارٹر گولوں سے حملہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق حملے میں فوج کو جانی نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ فورسز کو علاقے سے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب بھی اسی علاقے میں پاکستانی فورسز نے پیش قدمی کی کوشش کی تھی، تاہم صورتحال کشیدہ رہی۔

دوسری جانب نصیر آباد میں آر ڈی 418 کو جانے والی گیس پائپ لائن کو میر حسن کھوسہ کے مکان پر نشانہ بنایا گیا جبکہ پنجاب جانے والی گیس سپلائی لائن کو بھی ضلع روجھان کے علاقے میں گزشتہ شب دھماکے سے تباہ کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دھماکے کے باعث گیس پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا۔