خضدار: پاکستانی فورسز کی آپریشن جاری، آبادی پر شیلنگ

1

پاکستانی فورسز کی جانب سے خضدار کے مختلف علاقوں میں آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق خضدار کے اورناچ میں سورگڑ کے علاقوں میں مختلف مقامات پر پاکستانی فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی گئی ہے، جبکہ گن شپ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں تاحال علاقے میں جاری ہیں۔

خضدار میں حالیہ دنوں سے بڑے پیمانے پر زمینی و فضائی آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، جہاں تحصیل وڈھ، اورناچ، زہری سمیت مختلف علاقے فوجی آپریشن کی زد میں ہیں۔

اسی طرح گزشتہ روز وڈھ کے دراکھالہ گاسلٹی ایریا میں پاکستانی فورسز کی جانب سے مقامی آبادی پر گولہ باری اور شیلنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے خلاف اہلِ علاقہ نے لاش کے ہمراہ شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ پاکستانی فورسز نے فضائی آپریشن کے دوران مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ اور کنڈ عمرانی میں شیلنگ کرتے ہوئے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس میں مدرسے سمیت قریبی گھر متاثر ہوئے تھے۔

اسی طرح خاران میں بھی پاکستانی فوج کی جانب سے شیلنگ کے نتیجے میں متعدد مویشی ہلاک ہوگئے تھے۔