بلوچستان کے اضلاع جعفرآباد اور نصیرآباد سے اطلاعات کے مطابق دو مختلف واقعات میں نامعلوم مسلح افراد نے تین افراد کو اغواء کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جعفرآباد بلڈنگ اینڈ روڈز “بی اینڈ آر” کے ایگزیکٹو انجینئر عتیق الرحمن بلوچ کو ڈیرہ اللہ یار سے سبی جاتے ہوئے کچھی کے علاقے میں قومی شاہراہ پر لمجی کے مقام سے اغواء کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق اغوا کا واقعہ پولیس تھانہ حاجی شہر کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے انہیں گن پوائنٹ پر روک کر سرکاری گاڑی اور ڈرائیور سمیت اپنے ہمراہ لے گئے۔
دوسرے واقعے میں نصیرآباد کے علاقے مانجھوٹی، گوٹھ انور ساسولی ڈپ کے مقام پر گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے غلام رسول ولد غلام نبی بگٹی کو اسلحے کے زور پر اغواء کرلیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم دونوں واقعات میں ملوث اغوا کاروں کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکے ہیں۔


















































