سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ نے ایک گھر پر دھاوا بولتے ہوئے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، جبکہ ایک اور کو اپنے ہمراہ لے گئے۔
بلوچستان کے ضلع پنجگور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، سرکاری حمایت یافتہ مسلح گروہ نے امین اللہ نامی نوجوان کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران مزاحمت پر ایاز نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات پنجگور کے علاقے تسپ میں اس وقت پیش آیا جب مسلح گروہ نے ایک مقامی شہری کے گھر پر چھاپہ مارا۔
مسلح گروہ نے اس دوران امین اللہ ولد برکت اللہ نامی نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر اپنے ہمراہ لے گئے، جبکہ مزاحمت کرنے پر ایاز ولد خدا رحیم کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
واقعے میں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے امین اللہ تاحال منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان، خصوصاً مکران بیلٹ کے مختلف علاقوں میں سرکاری حمایت یافتہ گروہوں، جنہیں مقامی طور پر “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، کی جانب سے شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ان گروہوں کی جانب سے بلوچ سیاسی کارکنان، ان کے رشتہ داروں، علاقائی عمائدین اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سول سوسائٹی اور سیاسی تنظیموں نے متعدد بار حکومت سے ان عناصر کی سرگرمیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا


















































