وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ میں صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہلِ خانہ مسلسل تیسرے روز بھی اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔
احتجاج کے دوران صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کی بہن نسیدہ بلوچ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائیوں کو 11 جون 2025 کو اورماڑہ چیک پوسٹ کے قریب سے مبینہ طور پر ملکی اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔ اس دن سے لے کر آج تک ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے بھائیوں کی باحفاظت بازیابی اور ان کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے متعلقہ کمیشن، حکومت اور اعلیٰ حکام سے متعدد بار رجوع کیا، لیکن اس کے باوجود نہ ان کے بھائی بازیاب ہوئے اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی گئیں، جس کے باعث ان کا خاندان شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کو فوری طور پر باحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے۔
اس موقع پر آصف بلوچ اور رشید بلوچ کی بہن سائرہ بلوچ نے کہا کہ ان کے بھائیوں کی جبری گمشدگی کو آٹھ سال مکمل ہونے والے ہیں۔ اس دوران انہوں نے عدلیہ، متعلقہ کمیشن اور حکومت سے رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ مسلسل احتجاج بھی کیا، لیکن تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بھائیوں کے ساتھ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے دیگر افراد بازیاب ہو چکے ہیں۔ ان کے بھائیوں کی گرفتاری کے حوالے سے الیکٹرانک میڈیا پر بھی خبریں نشر ہوئی تھیں کہ انہیں ملکی اداروں نے حراست میں لیا تھا، لیکن اس کے باوجود آج تک انہیں منظرِ عام پر نہیں لایا گیا اور نہ ہی ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آصف بلوچ، اقرار بلوچ اور صغیر احمد بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہلِ خانہ گزشتہ تین روز سے وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں۔ ان کے احتجاج کا مقصد حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہان کی توجہ اپنے پیاروں کی جبری گمشدگیوں کی جانب مبذول کرانا اور ملکی قوانین کے تحت انصاف کا حصول ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر لاپتہ افراد پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے، اور اگر وہ بے قصور ہیں تو ان کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے۔
نصراللہ بلوچ نے حکومت اور ملکی اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کو فوری طور پر باحفاظت بازیاب کرایا جائے، تمام جبری لاپتہ افراد کی بازیابی یقینی بنائی جائے، لاپتہ بلوچ افراد کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔


















































