بلوچستان: کمسن طالب علم قمبر اور اسکول ایڈمنسٹریٹر طاہر رفیق کی ماورائے عدالت قتل، بی وائی سی کی مذمت

99

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے بلوچستان میں کمسن طالب علم قمبر ولد نذیر اور اسکول ایڈمنسٹریٹر طاہر رفیق ولد رفیق کی جبری گمشدگی کے بعد لاشیں ملنے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بی وائی سی کی جانب سے جاری کردہ بیانات کے مطابق، 14 سالہ قمبر ولد نذیر، جو ضلع کیچ کے علاقے تمپ کے رہائشی اور طالب علم تھے، 3 ستمبر کو مند سے تمپ جاتے ہوئے آزیان کے قریب فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ہاتھوں جبری لاپتہ کیے گئے۔ دو ماہ سے زائد عرصے تک لاپتہ رہنے کے بعد ان کی لاش کلاہو کے علاقے میں ایک دریا کے قریب پھینکی ہوئی ملی، جبکہ ان کے جسم پر تشدد اور مسخ کیے جانے کے نشانات موجود تھے۔

دوسرے واقعے میں 28 سالہ طاہر رفیق ولد رفیق، جو شاپک، تربت کے رہائشی اور ایک نجی اسکول میں ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام کرتے تھے، 25 اکتوبر 2026 کو تقریباً دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر سڑک پر سفر کے دوران ڈیتھ اسکواڈز کے ہاتھوں جبری لاپتہ کیے گئے۔ بی وائی سی کے مطابق، صرف ڈھائی گھنٹے بعد سہ پہر 3 بجے ان کی لاش تربت کے علاقے آپسر میں کے مقام پر پھینکی ہوئی ملی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ طاہر رفیق کے قتل کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور ان کے ہاتھ میں پستول رکھا گیا، تاہم جسم پر تشدد کے واضح نشانات اس دعوے سے متصادم تھے۔ طاہر رفیق ایک غریب خاندان کے واحد کفیل تھے اور نجی اسکول میں ملازمت کرکے اپنے والدین اور خاندان کی معاشی ضروریات پوری کر رہے تھے۔ ان کی موت سے خاندان نہ صرف اپنے جوان بیٹے بلکہ واحد معاشی سہارے سے بھی محروم ہوگیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے دونوں واقعات کو بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور لاشیں پھینکنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات عام بلوچ شہریوں، بالخصوص نوجوانوں اور بچوں کی زندگیوں کو درپیش سنگین خطرات کی عکاسی کرتے ہیں۔

بی وائی سی نے قومی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوام متحدہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قمبر اور طاہر رفیق کی جبری گمشدگی اور ہلاکتوں کی آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور بلوچستان میں جاری جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں کے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔