بلوچستان: مختلف علاقوں سے سات افراد لاپتہ، ایک شخص دو سال بعد بازیاب

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے سات افراد کی جبری گمشدگیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔ لاپتہ ہونے والوں میں سرتاج، محمد ابراہیم، اسفند، محدالدین، دانیال، نور محمد اور طارق شامل ہیں جو مختلف تاریخوں میں جبری گمشدگی کے شکار ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، گوادر کے رہائشی سرتاج ولد خیر بخش 3 ستمبر کو پسنی گریڈ اسٹیشن سے لاپتہ ہوئے۔ اسی طرح نوشکی کے علاقے کلی شریف کے رہائشی محمد ابراہیم ولد گل محمد 11 نومبر کو صاحبزادہ روڈ نوشکی سے لاپتہ ہوئے۔

مزید اطلاعات کے مطابق، گائیخان چوک کے رہائشی دو افراد، اسفند ولد علی محمد شاہوانی اور محدالدین ولد علی محمد شاہوانی، 24 اکتوبر سے لاپتہ ہیں۔ دونوں افراد کے اہلِ خانہ تاحال ان کے بارے میں معلومات کے منتظر ہیں۔

کوئٹہ کے رہائشی دانیال ولد امان اللہ بھی 15 نومبر سے لاپتہ ہیں۔ دوسری جانب پنجگور کے علاقے پروم سے نور محمد ولد ایوب 12 نومبر کو لاپتہ ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق، نور محمد اس سے قبل بھی ایک مرتبہ لاپتہ ہو چکے ہیں اور یہ ان کی دوسری گمشدگی ہے۔

اسی طرح پروم پنجگور کے علاقے شکاری بازار کے رہائشی طارق ولد آدم 9 نومبر سے لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب بہزاد دلاوری کی بازیابی کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق، بہزاد دلاوری تقریباً دو سال قبل لاپتہ ہوئے تھے اور گزشتہ روز بازیاب ہو گئے۔