نوجوان ظلم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔ ہدایت الرحمان

100

حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن قریب آنے پر چوری چھپے مختلف آسامیوں کے تعیناتی آرڈر اپنے من پسند لوگوں میں تقسیم دراصل گوادر کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل پر قدغن ہے۔

انہوں نے کہاکہ گوادر کے نوجوان اس ناانصافی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں ، مختلف سرکاری آسامیوں کے تعیناتی آرڈر چوری چھپے من پسند افراد کے گھروں میں تقسیم کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اسے ضلع گوادر کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل پر قدغن قرار دیا۔

مولانا بلوچ نے کہا کہ الیکشن قریب آنے پر من پسند لوگوں کو نوازنا دراصل ضلع گوادر کے ان تمام بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے جن کے والدین نے پیٹ کاٹ کر ان کو پڑھایا۔

مولانا ہدایت الرحمن نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس ظلم کے خلاف حق دو تحریک کے ساتھ مل کر بھرپور آواز اٹھائیں اور انصاف ملنے تک خاموش نہ رہیں۔