بلوچستان میں 4ماہ کے دوران 73فیصد کم بارشیں ہوئیں

176

بلوچستان میں چار ماہ کے دوران 73 فیصد کم بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے بلوچستان کے 12 اضلاع میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں اکتوبر 2020 سے جنوری 2021 تک 73.2 فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بلوچستان میں اکتوبر 2020 میں منفی 100 فیصد، دسمبر میں منفی 74.2، جنوری میں منفی 100 فیصد بارشیں ہوئیں جبکہ ایک ماہ نومبر میں معمول کے مطابق 98.5 فیصد بارش ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے مغربی اور جنوبی اضلاع کا انحصار موسم سرما کی بارشوں پر ہوتا ہے جہاں 71 سے 231 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی جاتی ہے تاہم  گذشتہ چار ماہ کے دوران کم بارشیں ہونے کی وجہ سے 12 اضلاع کوئٹہ، چاغی، گوادر، ہرنائی، کیچ، خاران، مستونگ، نوشکی، پشین، پنجگور، قلات اور واشک میں درمیانے درجے کی قلت آب ہے۔

رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے اثرات زراعت اور غلہ بانی پر پڑنے کے بھی امکانات ہیں۔ رپورٹ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو سفارش کی گئی ہے کہ وہ اس حوالے سے پیشگی اقدامات اٹھائیں۔