بلوچستان: آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، 50 مویشی ہلاک

159

بلوچستان کے علاقے سرانان میں آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد جاں بحق اور 50 مویشی ہلاک ہو گئے۔

مغربی ہواؤں کا سسٹم جنوب اور شمال سے بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے زیر اثر بلوچستان کے ساحلی اور شمالی بالائی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہےـ

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق مغربی سسٹم سے پاکستان افغانستان اور پاکستان ایران سرحدی علاقے زیر اثر آگئے ہیں، چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، زیارت، خانوزئی، مسلم باغ، دالبندین سمیت چاغی کے مختلف علاقوں، نوشکی و دیگر میں بارش ہو رہی ہےـ

اس کے علاوہ جنگل پیر علیزئی، سرانان، گلستان، شیلا باغ اور کوژک ٹاپ کے ساتھ توبہ اچکزئی، توبہ کاکڑی، برشور، حرمزئی میں بارش ہو رہی ہے۔

پشین کے علاقے سرانان میں رات گئے 3 مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے، آسمانی بجلی خانہ بدوشوں کی جھونپڑیوں پر گری۔

ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے 3 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں اور 2 افراد جاں بحق ہوئےـ آسمانی بجلی گرنے سے 50 جانور بھی ہلاک ہوئے۔