بلوچستان: حادثات و واقعات میں ایک شخص جانبحق، 7 زخمی

290

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے محافظ سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے کردگاپ کوتل میں پک اپ اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص علی شیر ولد سیف اللہ جاں بحق جبکہ عرفان ولد حاجی بشیر آحمد زخمی ہوگیا، لاش اور زخمی کو شیخ زید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے زہری ٹاون کے قریب ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں تاج محمد اور عزت اللہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر سوئی بنگل خان بگٹی کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر بنگل خان اور ان کا گن مین زخمی ہوگئے، حادثہ گاڑی کی ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پیش آیا تاہم زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں ژوب کے علاقے کچا بائی پاس پر ٹینکر الٹنے سے ڈرائیور زخمی جبکہ کوئٹہ سے ڈی آئی خان فروٹ لیجانے والا ٹرک الٹنے سے ایک شخص وفاری زخمی ہوگیا، زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔