بلوچستان: مچھ میں ٹریفک حادثہ 7 افراد جانبحق

116

مچھ کے قریب پیٹرول سے بھری وین ٹرک ٹکرا گئی، 7 افراد جھلس کر جاں بحق

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق  بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ کے قریب کوئٹہ سبی  شاہراہ پر پیٹرول سے بھری ایک وین، ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق مچھ کے قریب کوئٹہ سبی شاہراہ پر پیٹرول سے بھری وین ٹرک سےٹکرائی، جس سے وین میں آگ بھڑک اٹھی  اور 5 افراد موقع پرہی جھلس کر جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو مچھ کے اسپتال منتقل کیا، جہاں دونوں زخمی بھی دم توڑ گئے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

آگ لگنے سے قریب ہی موجود 3 گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق وین میں موجود پیٹرول کوئٹہ سے سبی منتقل کیا جارہا تھا۔
دوسری جانب پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔