بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ اور ضلع کیچ کے علاقے تربت سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو اہلخانہ کے مطابق رات گئے گھروں سے حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا گیا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق تربت کے علاقے آبسر ڈنے سر سے تعلق رکھنے والے 16 سالہ نوجوان عمران راشد کو گزشتہ شب تقریباً ایک بجے گھر سے حراست میں لیا گیا۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ عمران راشد بارڈر پر تیل کے کاروبار سے وابستہ تھا۔
دوسری جانب کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے تین افراد کے اہلخانہ نے بھی انہیں گھروں سے حراست میں لیے جانے کے بعد لاپتہ کیے جانے کی اطلاع دی ہے۔
اہلخانہ کے مطابق رودین احمد قمبرانی ولد اعجاز احمد قمبرانی کو رات تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر، حافظ محمد احمد قمبرانی ولد حاجی مراد محمد قمبرانی کو رات تقریباً 2 بجے، جبکہ شاہد احمد قمبرانی ولد بابو خدا بخش قمبرانی کو رات تقریباً 2 بج کر 30 منٹ پر کلی قمبرانی میں واقع ان کے گھر سے سی ٹی ڈی اور ایم آئی اہلکار اپنے ساتھ لے گئے۔
خاندانوں کا کہنا ہے کہ چاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
متاثرہ خاندانوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لاپتہ افراد کی فوری بازیابی یقینی بنائی جائے، ان کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور اگر وہ کسی ادارے کی تحویل میں ہیں تو انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔


















































