کوئٹہ: محکمہ خوراک بلوچستان میں کروڑوں روپے کا غبن، ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر گرفتار

481

بلوچستان کے محکمہ اینٹی کرپشن نے محکمہ خوراک میں ساڑھے آٹھ کروڑ کے غبن کی تحقیقات مکمل کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک صلاح الدین اور اسسٹنٹ فوڈ کنڑولر عالمگیر جعفر کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عبدالواحد کاکڑ نے بتایا کہ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عالمگیر جعفر نے جولائی 2018سےفروری 2019 کے دوران بطور پی سی آر انچارج سریاب ایک فلور مل کو خلاف قانون گندم کے ایک لاکھ 26 ہزار 991 بوریاں جاری کیں، ملزم نے مذکورہ فلور مل سے عام مارکیٹ میں ایک بوری آٹے جاری کرنے کا کوئی ثبوت یا ریکارڈ پیش نہیں کیا ، اس اقدام سے سبسڈی کے مد میں سرکاری خزانے کو 8 کروڑ 72 لاکھ 68 ہزار 215 روپے کا نقصان ہوا، اس وقت کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ صلاح الدین نے اس عمل کی نگرانی نہیں کی۔

تحقیقات مکمل ہونے پر اینٹی کرپشن نے محکمہ خوراک کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ صلاح الدین اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عالمگیر جعفر کو بدعنوانی اور سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچانے کے کیس میں گرفتار کرلیا،دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔