افغانستان میں گذشتہ شب پیش آنے والے تباہ کن زلزلے میں جانبحق ہونے والوں کی تعداد اب تک 900 سے تجاوز کرگئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان صوبے پکتیکا میں گذشتہ شب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 6.1 سے زائد بتائی جارہی ہے جب کہ زلزلے کے نتیجے میں اب تک 900 سے زائد افراد جانبحق ہوچکے ہیں اور متعدد زخمی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں متعدد گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے جب کہ قدرتی آفت کےنتیجے میں متعدد افراد زخمی ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹس کےمطابق زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے 500 کلو میٹر سے زائد علاقوں میں محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں پاکستاناور بھارت کے کئی علاقوں میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا جب کہ دارالحکومت کابل میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیےگئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی اور زیر زمین اس کی گہرائی 51 کلو میٹر تھی جب کہ زلزلہ رات گئےمحسوس کیا گیا۔
افغان حکام کےمطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امدادی ٹیموں کو بھیجا گیا ہے۔