تربت یونیورسٹی کا مستحق طلبہ و طالبات کی مالی معاونت کرنے کا اعلان

626

تربت یونیورسٹی میں زیرتعلیم قابل اور غریب طالب علموں کی مالی معاونت اور ان کے لئے سکالرشپ کے حصول کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ مختلف منصوبوں اور پروگرام پر کام کررہی ہے تاکہ قابل اور مستحق طلبہ و طالبات بغیر کسی مالی مشکلات اور رکاوٹ کے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

ان خیالات کا اظہار تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے انسٹیٹیوشنل سکالرشپ ایوارڈکمیٹی کے اجلاس کے موقع پرکیا جویونیورسٹی کے کانفرنس روم میں وائس چانسلر کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوادر بابوگلاب بلوچ، رجسٹرار تربت یونیورسٹی ڈاکٹرحنیف الرحمان، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسزپروفیسرڈاکٹر عبدالصبوربلوچ،ڈائریکٹرفنانس غلام فاروق بلوچ، ڈائریکٹرگودادرکیمپس اعجازاحمد، فوکل پرسن ایچ ای سی نیڈبیس سکالرشپ پروفیسرعبدالماجد ناصر اور فوکل پرسن سکالرشپ پروگرام گوادرکیمپس درجان گچکی نے شرکت کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ یونیورسٹیاں اور اعلیٰ تعلیمی ادارے معاشرے میں مثبت سوچ اجاگرکرنے ، معاشرتی تبدیلی لانے اور سماجی ترقی کے لئے اہم کردار اداکرتے ہیں اور تربت یونیورسٹی اپنے ان اہداف کو حاصل کرنے اور انسانی وسائل کی ترقی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے قابل اور مستحق طالب علموں کی مالی معاونت کے لئے تربت یونیورسٹی مختلف اسکیم اور پروگراموں کے زریعے انکو سکالرشپ فرہم کرے گی۔جن میں ایچ ای سی نیڈ بیس سکارشپ، پرائم منسٹر فیس ری امبرسمنٹ پروگرام،تربت یونیورسٹی میرٹ اسکالرشپ، آئی جی ایف سی سکالرشپ،کریم دشتی سکالرشپ، تاج محمد سکالرشپ اور میر الہی بخش سکالرشپ قابل ذکرہیں۔وائس چانسلر نے علاقے کے مخیر حضرات سے درخواست کی وہ قابل اور مستحق طالب علموں کی مالی معاونت کے لئے آگے آئیں اور تربت یونیورسٹی کی ترقی اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اپنا کرداراداکریں۔ اس موقع پر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوادر بابوگلاب نے تربت یونیورسٹی کی چارسالہ کارکردگی اور گوادر میںیونیورسٹی کیمپس کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ قابل اور مستحق طلبہ کو سکالرشپ دلانے اور انکی مالی معاونت کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔