بلوچستان، کراچی: 6 جبری لاپتہ افراد بازیاب

1

بلوچستان اور کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیے گئے چھ افراد بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تین افراد 15 نومبر جبکہ کراچی کے علاقے ماری پور سے تعلق رکھنے والے مزید تین افراد 17 نومبر 2026 کو بازیاب ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے کلی قمبرانی، قمبرانی روڈ کے رہائشی پیر محمد کے بیٹے یحییٰ بلوچ کو 27 اکتوبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جو 15 نومبر کو کوئٹہ سے بازیاب ہوئے۔

اسی طرح پنجگور کے علاقے ریش پیش، پروم کے رہائشی حیاتان کے بیٹے عزیز کو 2 فروری 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جو 15 نومبر کو پروم، پنجگور سے بازیاب ہوئے۔

جبکہ پنجگور کے علاقے کلیری، پروم کے رہائشی سیداد بلوچ کے بیٹے زبیر بلوچ کو 5 اکتوبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جو 15 نومبر کو پروم، پنجگور سے بازیاب ہوئے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ماری پور، ٹکری گاؤں سے تعلق رکھنے والے مزید تین افراد کی بازیابی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد شفیع کے بیٹے محمد خالد اور نیاز احمد کے بیٹے شہباز احمد کو 16 اگست 2026 کو ماری پور کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، دونوں 17 نومبر 2026 کو اسی علاقے سے بازیاب ہوئے۔

اسی طرح نور داد کے بیٹے عبدالعزیز کو 7 اگست 2026 کو ماری پور کراچی سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، جو 17 نومبر کو بازیاب ہوئے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق ان چھ افراد کی بازیابی کی تصدیق کی گئی ہے۔