صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کی جبری گمشدگی کے کیسز میں کمیشن نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دے کر دوبارہ تحقیقات اور دونوں افراد کی بازیابی کے احکامات جاری کردیے۔ دوسری جانب لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ نے کل سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے تین روزہ احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہلِ خانہ کے مطابق دونوں افراد کو 11 جون 2025 کو اورماڑہ کے بوزی چیک پوسٹ (ایف سی چیک پوسٹ) سے سی ٹی ڈی اور دیگر سرکاری اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد جبری طور پر لاپتہ کردیا تھا۔ اس موقع پر دلجان نامی ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا تھا، جسے بعد ازاں رہا کردیا گیا، تاہم صغیر احمد اور اقرار بلوچ تاحال لاپتہ ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ دونوں افراد کی بازیابی کے لیے اہلِ خانہ نے متعلقہ کمیشن سے رجوع کرنے کے علاوہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے احتجاجی کیمپ میں بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، تاہم انہیں تاحال اپنے پیاروں کے بارے میں کوئی تسلی بخش معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق 16 نومبر کو کمیشن میں دونوں کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں وہ بھی پیش ہوئے۔ اس موقع پر گوادر میں ایس پی کی نگرانی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) نے اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں افراد کی گمشدگی ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے اور کسی سرکاری ادارے نے انہیں حراست میں نہیں لیا۔
تاہم صغیر احمد بلوچ کی بہن اور اقرار بلوچ کے والد نے کمیشن کے سامنے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندانوں کی کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی یا تنازع نہیں ہے اور نہ ہی دونوں افراد کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ دورانِ سماعت انٹیلی جنس بیورو (IB) کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے بھی اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں دونوں خاندانوں کی کسی کے ساتھ ذاتی دشمنی یا تنازع کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔ اس کے بعد کمیشن کے جج نے جے آئی ٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دینے، دوبارہ تحقیقات کرنے اور دونوں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احکامات جاری کیے۔
اہلِ خانہ نے کہا کہ بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے جبری گمشدگی جیسے سنگین معاملے کو ذاتی دشمنی قرار دینا متاثرہ خاندانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ ایسے معاملات میں شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات ضروری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ کے اہلِ خانہ طویل عرصے سے اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں اور مختلف کمیشنوں، متعلقہ اداروں اور احتجاجی فورمز سے رجوع کرنے کے باوجود انہیں کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔
اس موقع پر دونوں لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ نے اعلان کیا کہ وہ کل سے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ میں تین روزہ احتجاج کریں گے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں، سیاسی و سماجی تنظیموں، انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلا، سول سوسائٹی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی کیمپ میں شرکت کرکے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں اور دونوں افراد کی باحفاظت بازیابی کے لیے آواز بلند کریں۔
پریس کانفرنس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ صغیر احمد بلوچ اور اقرار بلوچ سمیت تمام جبری لاپتہ افراد کو فوری بازیاب کرایا جائے، جبکہ جن افراد پر کسی جرم کا الزام ہے انہیں قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو درپیش ذہنی اذیت اور غیر یقینی صورتحال ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔















































