کوئٹہ، تربت: 3 افراد جبری طور پر لاپتہ، ایک شخص بازیاب

1

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تین افراد کی جبری گمشدگی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ ایک شخص جبری گمشدگی کے بعد بازیاب ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 15 نومبر 2026 کو کوئٹہ کے علاقے کلی مصطفیٰ آباد سے 20 سالہ طالب علم زین العابدین ولد عبد الستار کو رات ایک بجے ان کے گھر سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ اہلخانہ کے مطابق اس کارروائی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کے اہلکار ملوث تھے۔

اسی روز کوئٹہ کے علاقے کلی جیو سے 15 سالہ طالب علم مراد بلوچ ولد محمد اسلم کو رات ساڑھے بارہ بجے ان کے گھر سے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا گیا۔ اس واقعے میں بھی سی ٹی ڈی کو ملوث بتایا گیا ہے۔

جبکہ 15 نومبر 2026 کو ضلع کیچ کے علاقے تربت میں کیچ ٹاور سے 25 سالہ طالب علم طلال ولد منظور کو سہ پہر 3 بجے ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

دوسری جانب ضلع سبی کے علاقے سنگان سے تعلق رکھنے والے گل احمد ولد اختر محمد، جنہیں 22 اکتوبر 2026 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، 12 نومبر 2026 کو سبی سے بازیاب ہو گئے ہیں۔