ملّ سے مکالمہ – للّا بلوچ

1

ملّ سے مکالمہ

تحریر: للّا بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ

ملّ! لفظِ پرایا سے آشنا ہو؟ جسے عام فہم میں بلوچ درآمد کے نام سے پہچانتے ہیں، جسے بلوچ بالواسطہ ایک قبضہ گیر طاقت سے تشبیہ دیتے ہیں اور جس کے خلاف آپ سمیت ہزاروں انسان نما خواب ابد ہوتے گئے ہیں۔ درآمد کو بلوچ نے اپنے ہر تاریخی سفر میں باطل اور مکّار سمجھ کر اس کی ہر چال کے خلاف جنگ لڑی ہے۔ حمّل لڑا ہے، محراب لڑا ہے، لونگ لڑا ہے۔۔۔ اس طویل فہرست میں جو بھی لڑا ہے، وہ کہیں نہ کہیں بیابانوں کی لُو اور کہساروں کی سرد راتوں میں اپنے وجود کے ہر گوشے میں انسانی خواہشات، آرزوؤں اور انسانی یادداشتوں کے مابین قربانی کی ممکنہ و ناممکنہ یادوں سے لڑتا رہا ہے۔ اسے آپ ایک سرمچار کے پھٹے پرانے بٹوے میں پڑی چند تصاویر کے گرد محسوس کرتے ہیں، یا جسے عزیز مدنی یوں محسوس کرتے رہے ہیں:

طلسمِ خوابِ زلیخا و دامِ بردہ فروش
ہزار طرح کے قصے سفر میں ہوتے ہیں

ملّ! لاگر جسم میں زندگی کی تلخ حقیقتوں کے امین! گو کہ آپ ماؤ کے جنگی لائحہ عمل کی یادداشت اپنے ساتھ نہیں رکھتے، اور شاید ہی آپ نے ڈاکٹر چی، جنرل اسلم اور سلمان حمل سے زیادہ کسی کو سمجھا ہو، لیکن آپ کے شب و روز دانستہ طور پر ماؤ کے اس خیال کی پیروی میں گزرے ہیں کہ ’’ایوری ایکشن اِز سبجیکٹ ٹو کمانڈ‘‘۔

کمان کیا ہے؟ ایک کیمپ میں موجود ذمہ دار ساتھی کا تنظیمی و جنگی تجربہ، ایک سرمچار کی دانش یا ایک جنگی فلسفی کے ذہنی خدوخال؟ آپ یا میں، جس زاویے سے بھی اسے پرکھیں، یہ اس پہلو سے اپنی اصل لغوی معنویت کی ترجمانی کرتی ہے کہ کمان، گشت، اوتاک، ریجن اور مرکز کی عملی دانش کا مجموعہ ہے۔ اس معنی کو آپ سے زیادہ اور کون سمجھ سکتا ہے کہ کلبر، زامران اور دشت کے ویران پہاڑی بانڈوں کے آس پاس، جب جنگلی جانور اپنی نقل و حرکت محدود رکھتے ہیں اور آرام و سکون کی آغوش میں سانس لیتے ہیں، تو اس سمے اوتاک کی دانش اپنی مسلسل حرکت میں ہر ساتھی کو متحرک رکھتی ہے، سنگتوں کو ترتیب دیتی ہے، ذمہ داریاں سونپتی ہے، پالیسی و پروگرام تشکیل دیتی ہے اور انقلابی جدوجہد کے کٹھن حالات سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہر پل ساتھیوں کو انسانی برداشت اور حوصلے کی حدود سے آگے بڑھ کر جنگی مشکلات میں جینے کا ہنر سکھاتی ہے۔

ان خیالات کو قبول کرنا آپ سے بہتر کون جانتا ہوگا؟ جنگ کی سچائیوں اور اس کی حقیقی شکل کو جاننے کے باوجود جنگ جاری رکھنا انسانی عظمت کی کون سی رگ سے پھوٹتا ہے کہ آپ سمیت ہزاروں انسان اسے قبول کرکے چل نکلے ہیں؟ انہی مسافروں نے اپنی زندگی کے حسین لمحات اور جوانی کے دن انہی کوہساروں میں جسمانی تھکاوٹ، سخت حالات، مسلسل نقل و حرکت اور بھوکے پیٹ کے تجربات کے درمیان گزارے ہیں۔ گویا انسانی جسم کی رگوں میں بولنے کی طاقت ہوتی تو شاید وہ رو پڑتیں، لیکن آپ جیسے ملنگ مسکراتے مسکراتے انہی کرب ناک حقیقتوں کو ٹالنے کی کوشش کرتے ہیں۔

جنگ کی تباہ کاریوں اور جدائی کے کرب ناک لمحات میں سانس لیتی ایک قوم کی مائیں اسی دن مر جاتی ہیں جب ان کے بچے زندگی کی راہوں سے نکل کر کوہساروں کا رخ کرتے ہیں، اور اس دن سے تابوتی بن جاتی ہیں جب ان کے سامنے ان کی اپنی زندگی ایک مردہ روح کی صورت میں رکھ دی جاتی ہے۔ جذبات کی اس معنویت کو آپ سمیت سبھی ملنگ بخوبی سمجھتے ہیں، لیکن اس کے باوجود کٹھن منزلوں کی جانب سفر کرنے سے نہیں کتراتے۔

جنگی حالات میں مسلسل بیدار رہنا، بھوکے پیٹ تاریک راتوں میں بیٹھ کر دشمن پر نظر رکھنا، تھکن سے چُور اس جسم کے سہارے سائیجی اور زامران کی دشوار چٹانوں کو عبور کرنا، سننا، حل تلاش کرنا اور زندگی کے ہر پل کو تنظیمی ضروریات کے لیے وقف کردینا، انقلابی نظم و ضبط کی ان اعلیٰ مثالوں میں شمار ہوتا ہے جنہیں آپ نے زندگی کے تلخ حقائق سے گزر کر سیکھا ہے۔

اس سے بڑھ کر انسانی عمل کن زاویوں سے راہ تلاش کرتا ہوگا، جہاں انسان شعوری طور پر اپنی انسانی طاقت کے بل پر ہر پل ان ذہنی کیفیات کو قبول کرتا رہتا ہے جو بالواسطہ اس کے اغراض و مقاصد سے قربت رکھتی ہیں یا بلاواسطہ طبلِ جنگ بجاتی ہیں۔ یہ یقین کرنا شاید آسان ہو کہ جنگ کی کیفیت میں کسی اوتاک میں سانس لینا انسانی برداشت کی طاقت سے میل کھاتا ہے، لیکن یہ یقین کرنا کتنا مشکل ہوگا کہ اوتاکی سفر کا مسافر اپنی آخری سانسوں تک شاید اس جگہ کو دوبارہ نہ دیکھ پائے جہاں اس نے بطور انسان سننے، چلنے، محسوس کرنے اور دیکھنے کے گُر سیکھے تھے؛ جہاں اس نے زندگی کی سچائیوں کو قریب ترین سطح پر دیکھا تھا اور جہاں وہ محبت کی پیچیدگیوں سے آگاہ ہوا تھا۔

ملّ! عظیم بننے اور عظیم رہنے کے سفر میں اس سے بڑا مرحلہ اور کیا ہو سکتا ہے کہ انسان زندگی بھر اپنوں کے وجود کو صرف چند تصاویر میں دیکھنے کے فیصلے کو قبول کرے؟ اس راہ پر خود چل کر دوسروں کو بھی چلنے کی ہمت دے جس پر ان کے آر پار کوئی گیا ہی نہ ہو۔ میدانِ جنگ میں گولیوں کا نشانہ بن کر، زخمی ہو کر بھی اسی راہ کو ترجیح دے۔ اپنی جوانی کے سخت ترین لمحات میں زندگی اور موت کی ہر سانس کو صدقِ دل سے قبول کرتے ہوئے تنظیمی و تحریکی ضروریات کے لیے اپنی ذات کو نثار کردے۔

یقین جانیے، اس سے بڑھ کر ہم آپ سے مکالمے کا فن کھو دیتے ہیں۔


دی بلوچستان پوسٹ: اس تحریر میں پیش کیئے گئے خیالات اور آراء لکھاری کے ذاتی ہیں، ضروری نہیں ان سے دی بلوچستان پوسٹ میڈیا نیٹورک متفق ہے یا یہ خیالات ادارے کے پالیسیوں کا اظہار ہیں۔