کوئٹہ: میرے بیٹے کو پولیس نے قتل کیا، انصاف نہ ملا تو خودسوزی کروں گی۔شرف خاتون

59

کوئٹہ کے رہائشی بی بی شرف خاتون نے اپنے بیٹے کے قتل کے خلاف کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر داخلہ، آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی کوئٹہ سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بی بی شرف خاتون نے الزام عائد کیا کہ سبی روڈ ریلوے پھاٹک پر پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نور اللہ اور شفیع محمد ہلاک ہوئے، جبکہ واقعے میں تیسرا نوجوان ظہیر احمد شدید زخمی ہوا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او نیو سریاب ثناء اللہ شیرانی اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بی بی شرف خاتون کا الزام تھا کہ مقتول نوجوانوں کو چور اور ڈاکو ثابت کرنے کے لیے ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ تھانے میں متعدد درخواستیں دینے کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور مبینہ قتل میں ملوث ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

بی بی شرف خاتون نے خبردار کیا کہ اگر انہیں اپنے بیٹے کے مبینہ قتل کے معاملے میں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گی۔