کوئٹہ: فائرنگ، پولیس اہلکار ہلاک، دو افراد شدید زخمی

1

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ، میمن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، واقعہ جوائنٹ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب لانڈ کروزر گاڑی میں سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔

حملے کے فوری بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے شہر بھر میں ناکہ بندی سخت کر دی ہے اور چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔