چاغی: تجارتی گاڑی نذرِ آتش، نصیر آباد میں ریلوے ٹریک تباہ

37

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مسلح افراد نے تجارتی گاڑی اور ریلوے ٹریک کو حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

بلوچستان کے ضلع چاغی سے اطلاعات کے مطابق کوئٹہ، تفتان تجارتی روٹ پر مسلح افراد نے بوزر گاڑی کو تحویل میں لینے کے بعد نذرِ آتش کردیا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

ادھر نصیر آباد کے علاقے منگولی تھانہ کی حدود میں گلاب لاڑو کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔

دھماکے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا، جبکہ ریل سروسز معطل ہوگئی ہیں۔

مذکورہ دونوں اضلاع میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں اور اس طرح کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرتی رہی ہیں، تاہم ان حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ، تفتان تجارتی روٹ پر رواں سال بلوچ لبریشن آرمی نے معاشی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد مذکورہ روٹ پر تجارتی گاڑیوں اور ان کی سیکیورٹی پر مامور پاکستانی فورسز کو متعدد حملوں کا سامنا رہا ہے۔