چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری نے ٹرانسپورٹرز کا کاروبار تباہ کردیا، حکومت فوری نوٹس لے۔ ڈاکٹر مالک بلوچ

2

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کی مختلف چیک پوسٹوں پر ٹرانسپورٹرز سے وصولی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ اور حکومت سے فوری نوٹس لینے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور ٹرانسپورٹرز کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ چیک پوسٹیں ٹرانسپورٹرز کے لیے مشکلات اور عذاب کا سبب بن چکی ہیں، جہاں غیر قانونی وصولیوں اور غیر ضروری رکاوٹوں نے ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے وابستہ افراد کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ قلات سنگداس چیک پوسٹ پر بھتہ وصولی شرمناک عمل ہے جس کا فوری نوٹس لیا جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف ٹرانسپورٹر اور آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری حاجی میر اکبر لہڑی کی قیادت میں وفد سے ملاقات اور بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بسوں، ٹرکوں، آئل ٹینکرز اور دیگر ٹرانسپورٹ کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، لیکن بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کو ایک طرف مختلف تنظیموں کی جانب سے گاڑیاں روکنے، اغوا کرنے اور تاوان طلب کرنے جیسے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ دوسری جانب چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری اور غیر قانونی وصولیوں نے ان کے کاروبار اور روزگار کو شدید متاثر کردیا ہے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ زراعت کے بعد ٹرانسپورٹ بلوچستان کے عوام کے روزگار کا ایک بڑا ذریعہ ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کا معاشی مستقبل وابستہ ہے۔ ٹرانسپورٹ کا شعبہ صوبے کی معیشت، تجارت اور عوامی نقل و حرکت میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے حکومت ٹرانسپورٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قلات سنگداس چیک پوسٹ سمیت بلوچستان کی تمام چیک پوسٹوں پر غیر قانونی وصولیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے، شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث اہلکاروں یا عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

نیشنل پارٹی کے سربراہ نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی پالیسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف آئل سے وابستہ طبقے کو بروقت تیل فراہم نہیں کیا جاتا، جبکہ دوسری جانب تین ماہ کے اندر تیل نہ اٹھانے کی صورت میں لائسنس منسوخ کرنے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ جب تیل فراہم ہی نہیں کیا جائے گا تو متعلقہ افراد مقررہ مدت میں اسے کیسے حاصل کریں گے؟

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو فوری طور پر طلب کرکے ان کے مسائل سنے جائیں، چیک پوسٹوں پر بھتہ خوری کا سلسلہ بند کیا جائے اور بسوں، ٹرکوں، آئل ٹینکرز سمیت تمام ٹرانسپورٹ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔