گزشتہ دنوں کے دوران بلوچستان سے دو پولیس ایس ایچ اوز اغوا کرلیے گئے ہیں۔
بلوچستان کے ضلع نوشکی سے اطلاعات کے مطابق رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے نوشکی کے علاقے احمد وال میں رہائش پذیر مل تھانے کے ایس ایچ او کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
نوشکی سے مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ایس ایچ او کی شناخت میر ماندا خان ماندائی کے نام سے ہوئی ہے، گزشتہ دنوں کے دوران بلوچستان میں یہ دوسرا واقعہ ہے، جہاں مسلح افراد نے پولیس ایس ایچ او کو اغوا کرلیا ہے۔
اس سے قبل ہفتے کے روز مسلح افراد نے چاغی میں قائم مقام پولیس ایس ایچ او، اے ایس آئی گل شاہ کو اغوا کرلیا تھا۔
اسی طرح گزشتہ دنوں بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ سے مسلح افراد نے ڈپٹی کمشنر خاران اور سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا، جو تاحال منظرعام پر نہیں آسکے ہیں۔
مزید برآں آج ہی بلوچستان کے ضلع خضدار میں مسلح افراد نے باغبانہ پولیس تھانے پر حملہ کرکے تھانے کو تباہ کردیا تھا، جبکہ حملے میں پولیس ایس ایچ او منیر عالم جتک سمیت دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
بلوچستان میں پولیس افسران کے اغوا اور تھانوں پر حملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔



















































