بی ایل اے شہر کا کنٹرول حاصل کرکے حملے کرنا چاہتی ہے، پولیس کی شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت۔
کوئٹہ بلوچستان پولیس کے مرکزی دفتر (سی پی او) نے ایک تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کوئٹہ شہر کو بڑے، مہلک اور منظم حملوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق بی ایل اے نے مختلف گروپس میں ایک پیغام شیئر کیا ہے، جس میں 7 اگست کو کوئٹہ میں منظم حملوں کا عندیہ دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مذکورہ پیغام میں نشاندہی کی گئی ہے کہ چار ہزار بی ایل اے سرمچار، جن میں خودکش بمبار بھی شامل ہوں گے، ان کارروائیوں میں حصہ لیں گے اور تنظیم شہر کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
بی ایل اے نے اس دوران شہریوں کو گھروں سے نا نکلنے کا بھی کہا ہے۔
ہدایت نامے میں تمام متعلقہ پولیس حکام کو اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی اور حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے، غیر معمولی چوکسی اختیار کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں بلوچستان پولیس کے مرکزی دفتر نے متعلقہ ایس ایس پیز اور ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات کی رپورٹ تین روز کے اندر مرکزی دفتر کو ارسال کی جائے تاکہ اسے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کے ملاحظے کے لیے پیش کیا جا سکے۔
یہ مراسلہ بلوچستان پولیس کے اعلیٰ حکام کے علاوہ چیف سیکریٹری بلوچستان، نیکٹا، ایف سی، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی معلومات اور ضروری کارروائی کے لیے ارسال کیا گیا ہے۔


















































