پریس کانفرنس کے تناظر میں ڈاکٹر عائشہ فیض سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

41

وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کے خلاف پریس کانفرنس کرنے پر ریٹائرڈ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض گرفتار

کوہٹہ، ریٹائرڈ پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا، جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف مقدمہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ کے خلاف کوئٹہ پریس کلب میں کی گئی پریس کانفرنس کے تناظر میں درج کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر عائشہ فیض نے چند روز قبل پریس کانفرنس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، اس کے تاریخی پس منظر اور حالیہ واقعات پر اظہارِ خیال کیا تھا۔

انہوں نے بلوچ آزادی کی تحریک میں خواتین کے کردار پر بات کی تھیں۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے آئندہ پرتشدد واقعات کی صورت میں مستونگ کے باغات کو بلڈوز کرنے سے متعلق بیان کی بھی مذمت کی تھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عائشہ فیض کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم مقدمے میں شامل دفعات، گرفتاری کی وجوہات اور دیگر قانونی کارروائی کی مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔