لاہور: ڈیرہ غازی خان کے رہائشی عمار بلوچ جبری لاپتہ

195

ڈیرہ غازی خان کے قصبہ کالا سے تعلق رکھنے والے عمار بلوچ جبری گمشدگی کا شکار ہو گئے۔

ساتھی طلبہ کے مطابق عمار بلوچ کو گزشتہ رات تقریباً 12:30 بجے لاہور میں پاکستانی فورسز نے حراست میں لیا، جس کے بعد سے وہ لاپتا ہیں۔

عمار بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے بی ایس کی ڈگری حاصل کی، جبکہ انہوں نے چین سے ایم فل کی تعلیم مکمل کی ہے۔

ان کے ساتھی طلبہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تمام باشعور، انسان دوست اور امن پسند افراد سے اپیل ہے کہ وہ عمار بلوچ کی آواز بنیں، ان کی گمشدگی پر خاموشی اختیار نہ کریں اور ان کی فوری بازیابی و رہائی کے لیے آواز بلند کریں۔

طلبہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عمار بلوچ کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے، ان کے اہلِ خانہ کو ان کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور اگر ان پر کوئی الزام عائد کیا گیا ہے تو انہیں قانون کے مطابق عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔