زیارت: مسلح افراد کا تعمیراتی کمپنی پر حملہ، متعدد گاڑیاں و مشینری تباہ

9

مسلح افراد نے مشینری و گاڑیوں کو حملوں کا نشانہ بنانے کے بعد تباہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ-ژوب قومی شاہراہ پر زیارت کراس، خانی بابا کے قریب مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کو نشانہ بنایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران مسلح افراد نے وہاں موجود 8 ڈمپر، دو کیٹ 966F لوڈرز، ایک ہٹاچی EX-400 ایکسکیویٹر، ایک ٹریلر، ایک بٹومین ڈسٹری بیوٹر اور ایک واٹر باؤزر کو تباہ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ آج اسی مقام پر مسلح افراد کی بڑی تعداد میں موجودگی کی اطلاعات تھیں، جہاں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کے ایک قافلے اور ڈپٹی کمشنر کے قافلے کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔

زیارت کراس کے مقام پر پاکستانی فورسز پر حملوں کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے میں پاکستانی فورسز کے 18 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

تاہم تعمیراتی کمپنی پر حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔