بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے شہر اوتھل کے قریب زیرو پوائنٹ پر مسافر کوچ اور منی ویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز اوتھل زیرو پوائنٹ کے قریب تیز رفتار مسافر کوچ اور منی ویگن آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ایدھی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔















































