بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پاکستانی فوج پر ہونے والے ایک بڑی نوعیت کے حملے میں فوج کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ علاقے میں سیکورٹی خدشات کے باعث آج صبح سے مکمل کرفیو نافذ کردی گئی ہے جبکہ مواصلات نظام کو بھی بندش کا سامنا ہے۔
گذشتہ روز مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں پاکستانی فوج کے قافلے میں شامل ایک بڑی بکتر بند گاڑی کو دھماکے میں نشانہ بناکر تباہ کردیا گیا جبکہ دھماکے کی زد میں آنے سے ایک اور بکتر بند گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
علاقائی ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ بعدازاں مسلح افراد نے فورسز کی گاڑیوں کو گھات لگاکر حملے میں نشانہ بنایا جس کے باعث ایک اور گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
حملے میں ہلاک دو اہلکاروں کی لاشوں اور آٹھ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ پہنچایا گیا جبکہ دیگر اہلکاروں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
حکام نے حملے میں ہلاکتوں کے حوالے سے تاحال تفصیلات جاری نہیں کیئے ہیں تاہم علاقے میں مکمل کرفیو نافذ کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے کھڈکوچہ میں آج بروز اتوار، صبح 7:00 بجے سے تاحکمِ ثانی (غیر معینہ مدت کے لیے) کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے علاقے میں سیکیورٹی انتظامات کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جاسکے۔ حکم کے مطابق کرفیو کے دوران اپنے گھروں کے اندر ہی مقیم رہیں اور کرفیو کے نفاذ کے بعد کھڈکوچہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں عام سڑکوں اور بازاروں پر لوگوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
گذشتہ مہینے کی سترہ تاریخ کو بھی کھڈکوچہ کے علاقے میں پاکستانی فوج کو ایک شدید نوعیت کے حملے میں بھاری جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مذکورہ حملہ اس وقت کیا گیا جب پاکستانی فوج کے اہلکاروں پر مشتمل اٹھارہ سے زائد بس اور سیکورٹی گاڑیاں جارہے تھے۔ یہ قافلہ کوئٹہ سے کراچی کی جانب جارہا تھا۔ حملے میں بسوں سمیت سیکورٹی گاڑیاں تباہ ہوگئی جبکہ حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں سے ہیلی کاپٹروں کو بھی نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ ترجمان جیئند بلوچ نے بتایا کہ بی ایل اے کے خصوصی دستے فتح اسکواڈ نے کاروائی انجام دیا جبکہ حملے میں 62 سے زائد اہلکار ہلاک اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئیں۔
کھڈکوچہ کہاں واقع ہے؟
کھڈ کوچہ مستونگ شہر سے جنوب مغرب میں اندازاً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ ضلع مستونگ کا زرخیز علاقہ ہے، جہاں سیب اور انگور کے علاوہ دیگر پھلوں کے باغات ہیں۔
مستونگ کوئٹہ سے متصل ضلع ہے، جبکہ اس کا ہیڈکوارٹر مستونگ شہر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے جنوب مغرب میں اندازاً 45 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
مستونگ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے زیادہ متاثر ہیں۔ مستونگ میں پاکستانی فوج کو بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے مختلف نوعیت کے حملوں کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔















































