بلوچستان: مختلف علاقوں سے پانچ لاشیں برآمد

301

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے مزید پانچ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

بلوچستان کے ضلع پنجگور سے اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز علاقے سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کا نشانہ بننے والے سلمان بنگزئی ولد غنی بنگلزئی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سوراب کے لاکھوریان کے پہاڑی علاقے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جسے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی شناخت 28 سالہ جلیل احمد ولد بشیر احمد، سکنہ سموانی زہری، کے نام سے ہوئی ہے۔

ادھر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

کیچ کے علاقے دشت میں میرانی ڈیم کینال سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، بعد ازاں متوفی کی شناخت سلمان ولد لیاقت، سکنہ کھڈان کے نام سے کر لی گئی۔

لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسی طرح تربت پولیس کے مطابق ناصرآباد کے علاقے میں ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، جس کی جیب میں موجود کووڈ-19 کارڈ سے اس کی شناخت بدل خان کے نام سے ہوئی، جبکہ کارڈ پر درج شناختی کارڈ نمبر آواران کے علاقے جھاؤ کا ہے۔

مزید برآں گزشتہ شب تربت کے علاقے میر آباد کے جنگل سے ایک مقامی شخص شیر جان ولد نور محمد کی تشدد زدہ لاش ملی، جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق لاش پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقتول کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا ہے۔