ضلع مستونگ کی کلی کونگڑھ سے 21 جولائی 2026 کو شام تقریباً 6:30 بجے ایک خاتون، ان کے تین کمسن بچوں اور دیگر اہلِ خانہ سمیت مجموعی طور پر پانچ افراد کو پاکستانی فورسز ایف سی اہلکاروں نے ان کے گھر سے جبری لاپتہ کردیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق جبری گمشدگی کا شکار ہونے والوں میں بی بی رافیعہ دختر مرحوم امام بخش (عمر 33 سال)، ان کے تین بچے جن کی عمریں 3 ماہ، 4 سال اور 6 سال ہیں، ان کے بھائی محمد عارف اور بھانجی بی بی ندا دختر مرحوم سراج احمد (عمر 18 سال) شامل ہیں۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے مذکورہ تمام افراد کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی، جبکہ اہلِ خانہ شدید ذہنی اذیت اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
اہلِ خانہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام جبری لاپتا افراد کو فوری طور پر بازیاب کر کے بحفاظت ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا جائے۔


















































