مستونگ: فائرنگ سے سیشن جج اور گن مین ہلاک، ایڈیشنل سیشن جج سمیت دو افراد زخمی

289

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کراچی کوئٹہ شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین ہلاک ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ بہرام سلیم کے مطابق سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ، جن کا تعلق توبہ کاکڑی سے تھا، کوئٹہ سے مستونگ جا رہے تھے کہ راستے میں نامعلوم حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔