خاران میں مسلح حملے، دو افراد ہلاک اور گرفتار

1

خاران میں گزشتہ شب پیش آنے والے دو مختلف مسلح واقعات میں دو افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ دو افراد کو مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق واقعات مختلف علاقوں میں پیش آئے۔

ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے کلان میں مسلح افراد نے حافظ کبیر کے گھر پر کارروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں حافظ کبیر کا ایک بیٹا ہلاک ہوگیا، جبکہ حافظ کبیر اور ان کے ایک دوسرے بیٹے کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ کبیر اور ان کے بیٹوں پر ریاستی کارندوں کے طور پر کام کرنے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

دوسری جانب خاران کے علاقے گواش میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے غمی ساسولی کو ہلاک کردیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق غمی ساسولی ڈیتھ اسکواڈ کے سربراہ حافظ ممتاز کے ساتھی تھے۔

تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے ہیں ناہی واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول کی ہے۔