کیچ: بل نگور بازار مسلسل دوسرے روز بھی بند، تاجروں کی سکیورٹی پابندیوں میں نرمی کی اپیل

81

بل نگور بازار مسلسل دوسرے روز بھی بند رہا، جبکہ پاکستانی فورسز کی جانب سے دکانداروں کو صرف صبح 6 بجے سے 9 بجے تک، یعنی تین گھنٹے کے لیے کاروبار کی اجازت دی گئی۔

انجمن تاجران بل نگور کے مطابق محدود اوقات کار کے باعث تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جبکہ شہریوں کو بھی روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کر رہی ہے بلکہ مقامی آبادی کی ضروریات کی بروقت تکمیل میں بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔

انجمن تاجران بل نگور نے کمشنر مکران اور ڈپٹی کمشنر کیچ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام اور تاجروں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر سکیورٹی پابندیوں میں نرمی کی جائے تاکہ بل نگور بازار معمول کے مطابق کھل سکے اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نوشکی، زہری اور مشکے میں سیکیورٹی کے نام پر کاروباری مراکز کو بند کیا گیا تھا ۔ جبکہ کاروبار کے اوقات کو محدود کیا گیا ہے جس سے مقامی افراد کو تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔