فٹ بال ورلڈ کپ: مراکش، پیراگوئے اور برازیل پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

1

فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے مقابلوں میں مراکش، پیراگوئے اور برازیل نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

مراکش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ اور اضافی وقت کے اختتام پر مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر تھا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ شوٹ آؤٹ میں مراکش نے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

مقررہ وقت میں نیدرلینڈز کی جانب سے گیپکو نے جبکہ مراکش کی طرف سے ڈیوپ نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ یہ راؤنڈ آف 32 کا دوسرا میچ تھا جس کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ پری کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ 4 جولائی کو کینیڈا سے ہوگا۔

ادھر بوسٹن میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں پیراگوئے نے جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ کے سڈن ڈیتھ مرحلے میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں جرمنی کا کھیل بہتر رہا، تاہم برتری پیراگوئے کو اس وقت ملی جب جولیو اینسیکو نے 42ویں منٹ میں گول کر دیا۔ وقفے تک پیراگوئے کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی جرمنی نے مسلسل حملے کیے اور 54ویں منٹ میں ہیورٹز نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں مزید کوئی گول نہ ہو سکا، اگرچہ اضافی وقت میں جرمنی کے تا کا ایک گول فاؤل کے باعث مسترد کر دیا گیا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ابتدائی پانچ، پانچ ککس کے بعد دونوں ٹیمیں تین، تین گول سے برابر رہیں۔ سڈن ڈیتھ مرحلے میں جرمنی کے تا اپنی پنالٹی پر ناکام رہے، جبکہ پیراگوئے کے کھلاڑی نے گول کرکے ٹیم کو پری کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا، جہاں اس کا مقابلہ فرانس یا سوئیڈن سے ہوگا۔

دوسری جانب ہوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں برازیل نے جاپان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ کے پہلے ہاف میں جاپان نے 29ویں منٹ میں سانو کے گول کی بدولت برتری حاصل کی اور وقفے تک ایک صفر سے آگے رہا۔

دوسرے ہاف میں برازیل نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور کیسی میرو نے شاندار ہیڈر کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا۔ انجری ٹائم کے اختتام سے ایک منٹ قبل گیبرئیل نے فیصلہ کن گول اسکور کرکے برازیل کو دو، ایک سے کامیابی دلا دی۔

پری کوارٹر فائنل میں برازیل کا مقابلہ ناروے یا آئیوری کوسٹ سے ہوگا۔