تمپ: پاکستانی فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈ کا گھر پر دھاوا، رہائشیوں پر تشدد

0

پاکستانی فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈ نے گھر میں موجود قیمتی سامان، خواتین کے بلوچی کپڑے اور نقدی بھی اپنے قبضے میں لے لی۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات تمپ کے علاقے کوھاڑ کلاتک میں پاکستانی فورسز کے اہلکار، مقامی ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان کے ہمرائ امین ولد محمد موسیٰ نامی مقامی شخص کے گھر میں زبردستی داخل ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران فورسز اہلکاروں اور ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان نے گھر میں موجود خواتین، مردوں اور بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھر کی تلاشی لی۔

ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران فورسز اہلکاروں اور ڈیتھ اسکواڈ کے ارکان نے گھر میں توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود موبائل فون، زیورات، خواتین کے بلوچی لباس اور پچاس ہزار روپے سے زائد نقدی اپنے قبضے میں لے لی۔

واضح رہے کہ کیچ اور گردونواح میں اس سے قبل بھی پاکستانی فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈ گھروں پر چھاپوں، جبری گمشدگیوں، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

بلوچستان میں ان مسلح گروہوں کو، جنہیں پاکستانی فورسز کی سرپرستی حاصل ہے کو “ڈیتھ اسکواڈ” کہا جاتا ہے، یہ گروہ علاقے میں فوجی آپریشنز اور دیگر کارروائیوں میں پاکستانی فورسز کے ساتھ شریک ہوتے ہیں۔

مذکورہ گروہوں کو بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے مسلسل حملوں کا سامنا بھی رہا ہے۔